دلائی لامہ کی جانشینی پر تنازعہ، چین کی بھارت کو سخت تنبیہ

پیر 14 جولائی 2025 22:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے۔تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کی جانشینی سے متعلق بیانات پرچین نے بھارت کو خبردار کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چینی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ دلائی لامہ کا دوبارہ جنم اور جانشینی کا معاملہ مکمل طور پر چین کا اندرونی معاملہ ہے۔

اس پر بھارت کا کوئی بھی موقف یا مداخلت تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا کر سکتے ہیں۔چین کا یہ بیان منگل کوبھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے دورہ چین سے قبل سامنے آیا ہے۔جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔یہ دورہ 2020کے سرحدی جھڑپوں کے بعد بھارت اور چین کے درمیان پہلا اعلی سطح کا رابطہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ان جھڑپوں میں کم از کم 20بھارتی اور 4چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق حال ہی میں دلائی لامہ کی 90ویں سالگرہ کی تقریبات بھارت میں منعقد ہوئیں۔ان تقریبات میں بھارتی وزرا اور حکام کی شرکت نے چین کو شدید ناراض کیا ۔دلائی لامہ نے ایک بار پھر کھل کر کہا ہے کہ ان کی جانشینی میں چین کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔بیجنگ نے ان بیانات کو اپنی ریاستی خودمختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔نئی دہلی میں چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق تبت (ژیزانگ) سے متعلق مسائل انتہائی حساس ہیں۔

دلائی لامہ کارڈ کھیلنا بھارت کے لیے بوجھ بن سکتا ہے۔ایسا کرنا بھارت کے لیے اپنے پائوں پرکلہاری چلانے کے مترادف ہو گا۔دلائی لامہ 1959میں چین کے خلاف بغاوت کے بعد سے بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔چین ہمیشہ سے دلائی لامہ کو ایک حساس سفارتی مسئلہ تصور کرتا رہا ہے۔دلائی لامہ کی جانشینی ثابت کرتی ہے کہ بھارت اور چین میں صرف سرحدی تنازعات نہیں ہیں۔یہ صورتحال خطے کی سیاسی حرکیات کو مزید حساس اور غیر یقینی بنا رہی ہے۔