19 جولائی’’ہفتہ الحاق پاکستان‘‘ کے سلسلے میں عظیم الشان کنونشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری

منگل 15 جولائی 2025 16:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے 19 جولائی ’’ہفتہ الحاق پاکستان‘‘ کے حوالے سے بھرپور تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پارٹی کے سینئر عہدیداران نے ضلع نیلم، مظفرآباد اور دیگر علاقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کرتے ہوئے ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز کر دیا۔

چیف آرگنائزر مسلم کانفرنس راجہ ثاقب مجید، صدر ضلع نیلم شمیم علی ملک، خواتین ونگ کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد راجہ،ضلعی صدر مظفرآباد سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری راجہ لیاقت، سٹی صدر شیخ مقصود، سابق امیدوار اسمبلی سجاد انور عباسی، سلیم اعوان، راجہ وقار ،میمونہ کیانی ایڈووکیٹ،سکندر حبیب میر،خواجہ حنان طلباء بورڈ کے چیئرمین سید ثقلین فدا کاظمی اور دیگر رہنماؤں نے اس حوالے سے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ19 جولائی کو مظفرآباد کے علاقے گوجرہ میں واقع روز مارکی میں دن 4 بجے ایک عظیم الشان الحاق پاکستان کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں پارٹی صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان خصوصی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ الحاق پاکستان کا دن تاریخ کشمیر کا اہم ترین باب ہے اور مسلم کانفرنس اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال بھرپور تقاریب کا انعقاد کرتی ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کنونشن میں شرکت کو یقینی بنائیں اور الحاق پاکستان کی نظریاتی اساس کو نئی نسل تک منتقل کریں۔مزید کہا گیا کہ کنونشن کی تیاریوں کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہیں، جبکہ عوامی سطح پر جوش و خروش دیدنی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ نظریاتی سیاست کو فروغ دیا ہے اور 19 جولائی کو ہونے والا جلسہ اس کی زندہ مثال ہوگا۔