کراچی: سپر ہائی وے پر ٹریلر کی ٹکر سے شہزور ٹرک تباہ، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی

منگل 15 جولائی 2025 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں سبزی منڈی سے متصل فروٹ منڈی گیٹ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے شہزور ٹرک کو پیش آنے والے حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ایدھی ذرائع کے مطابق واقعے کے فورا بعد زخمیوں اور جاں بحق شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ گیان چند ولد ورند چند کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں شامل دو افراد کی شناخت 40 سالہ پربھو ولد دیالو اور 40 سالہ عطا محمد ولد فقیر محمد کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک اور 38 سالہ زخمی شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے حادثے کے ذمے دار ٹریلر کو تحویل میں لے لیا ہے اور فرار ڈرائیور سمیت ٹریلر کے مالک کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔