بیٹیوں کو تحفظ اور انصاف چاہیے،راہل گاندھی کی جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے والی طالبہ کی خودسوزی پر مودی حکومت پرکڑی تنقید

منگل 15 جولائی 2025 16:23

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنماء اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اوڈیشہ کے علاقے بالاسور میں جنسی ہراسانی کے بعد خودسوزی کرنے والی طالبہ کی موت پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ اڈیشہ میں انصاف کے لیے لڑتی ایک بیٹی کی موت،بی جے پی کے نظام کے ذریعے کیا گیا قتل ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس بہادر طالبہ نے جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھائی لیکن انصاف دینے کے بجائے اسے بار بار ڈرایا،دھمکایااور ذلیل کیا گیا۔ راہل گاندھی نے کہاکہ ہر بار کی طرح بی جے پی کا نظام ملزمان کو بچاتا رہا ہے اور ایک معصوم بیٹی کو خودسوزی کرنے پر مجبور کردیاگیا۔

(جاری ہے)

یہ خودکشی نہیں، بلکہ نظام کے ذریعے کیا گیا قتل ہے۔انہوں نے وزیر اعظم مودی کی خاموشی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ مودی جی، چاہے اوڈیشہ ہو یا منی پور، ملک کی بیٹیاں جل رہی ہیں، ٹوٹ رہی ہیں، دم توڑ رہی ہیں اور آپ خاموش بیٹھے ہیں۔

ملک کو آپ کی خاموشی نہیں، جواب چاہیے۔ بیٹیوں کو تحفظ اور انصاف چاہیے۔ واضح رہے کہ فقیر موہن آٹونومس کالج بالاسورکی بی ایڈ کے دوسرے سال کی طالبہ نے شعبہ تعلیم کے سربراہ سمیر کمار ساہو کے خلاف طویل عرصے سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائی تھی ۔ تاہم اس کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ اسے دھمکیاں دی جاتی رہیں ۔ طالبہ نے مجبور ہو کر 11 جولائی کو کالج کیمپس میں خود کو آگ لگا لی تھی ۔ جو گزشتہ روز پیر کو دم توڑ گئی۔ پولیس نے ایچ او ڈی سمیر ساہو اور کالج کے پرنسپل دلیپ گھوش کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں کو 14روزہ عدالتی حراست میں دیدیا گیا ہے۔