ڈوڈہ،گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 5افراد ہلاک، 17زخمی، پہلگام میں امرناتھ یاترا کے دوران ایک ہندو یاتری ہلاک

منگل 15 جولائی 2025 16:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے 5افراد ہلاک اور17زخمی ہو گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گاڑی ضلع کے علاقے پونڈہ میں ڈوڈا۔بارتھ سڑک سے پھسل کر کھائی میں گری ۔ایک بھارتی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ حادثے میں 5افراد ہلاک اور 17زخمی ہو ئے ہیں ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ ایک اورواقعے میں ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام میں جاری ہندو امرناتھ یاترا کے دوران چند نواری گیٹ کے قریب ایک یاتری ہلاک ہو گیا ہے۔ریاست مہاراشٹر کا رہائشی سنجے مسورکاتھ بے ہوش ہوکر گرا اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ ادھر ضلع کولگام کے علاقے برنال میں ایک سرکاری اسکول میں لگنے والی آگ سے کم از کم تین عمارتوں کو نقصان پہنچاہے۔