ڈاؤ یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن کو امریکہ میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

منگل 15 جولائی 2025 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی قائم مقام وائس چانسلر ، ماہر تعلیم، ریسرچر اور منتظم پروفیسر جہاں آرا حسن کو امریکا میں قائم "ڈا ؤگریجویٹس ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ (ڈوگانا)کی جانب سے "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ" دیا گیا۔یہ ایوارڈ انہیں رواں مہینے کے دوسرے ہفتے میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایسو سی ایشن کے سمر اجلاس کے دوران دیا گیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے قائم مقام وائس چانسلر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔پروفیسر جہاں آرا حسن ڈاؤ میڈیکل کالج کی انیس سو نواسی کی گریجویٹ اور ڈاؤ یونیورسٹی کی پہلی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں، تین دہائیوں پر مشتمل اپنے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کیریئر کے دوران طب اور طبی تعلیم کے میدان میں بے شمار خدمات انجام دے چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی قیادت میں ادارے نے ترقی کی نئی منازل طے کیں اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کو مستحکم کیا۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر جہاں آرا حسن نے کہ ڈوگانہ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کا ملنا میرے لیے ایک اعزاز سے بڑھ کر ایک جذباتی لمحہ ہے۔ یہ ایوارڈ صرف میری ذات کے لیے نہیں بلکہ ان تمام اساتذہ، ساتھیوں، طلبہ، اور مریضوں کی محنت اور قربانیوں کا اعتراف ہے جنہوں نے اس طویل اور پرعزم سفر میں میرا ساتھ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاؤ یونیورسٹی ان کے تعلیمی سفر کی بنیاد ہے، جہاں سے دو ہزار بارہ میں وہ پہلی پی ایچ ڈی گریجویٹ کے طور پر فارغ التحصیل ہوئیں۔ بعدازاں وہ پاکستان بھر میں گائناکالوجی کے شعبے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظور شدہ پہلی پی ایچ ڈی سپروائزر بنیں، جس سے خواتین کی صحت پر تحقیق کے نئے راستے کھلے۔پروفیسر جہاں آرا حسن نے بتایا کہ انہیں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں تدریسی ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع ملا، جہاں انہوں نے قومی و بین الاقوامی تحقیقی منصوبوں میں حصہ لیا اور ان کے پچاس سے زائد سائنسی مقالہ جات معروف جرائد میں شائع ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کووِڈ-نائنٹین کے دوران، جب حالات نہایت سنگین تھے، انہوں نے ڈا ؤیونیورسٹی اسپتال میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اور بعدازاں آئی سی یو و او ٹی کمپلیکس کی ڈائریکٹر کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں نبھائیں، جنہیں عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔ ان کی قیادت میں اسپتال نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے کامیاب منظوری حاصل کی اور مریضوں کی حفاظت کے اعلی معیارات قائم کیے۔

پروفیسر جہاں آرا حسن کے دور میں ڈاؤ یونیورسٹی کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے چھ نئے سیکنڈ فیلوشپ پروگرامز کی منظوری حاصل ہوئی، جب کہ پینتیس سے زائد فرسٹ فیلوشپ پروگرامز پہلے سے جاری ہیں۔ یہ کامیابی پاکستان میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ٹریننگ کے نظام میں بہتری کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔بطور پرو وائس چانسلر، اوجھا کیمپس ڈائریکٹر، اور حال ہی میں قائم مقام وائس چانسلر کے طور پر، انہوں نے ادارے میں شفافیت، نظم و ضبط اور ترقی کے وژن کو فروغ دیا، جس کے مثبت نتائج جامعہ کے ہر سطح پر نمایاں ہوئے۔

آخر میں پروفیسر جہاں آرا حسن نے اس اعزاز کو اپنی فیملی، اساتذہ، ساتھیوں اور ان تمام اداروں کے نام منسوب کیا جنہوں نے ان کے سفر کو استحکام بخشا۔ انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص میڈیکل کے شعبے میں آنے والی خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کامیابی کے لیے جذبے، خلوص اور دیانتداری کے ساتھ آگے بڑھیں، اور دوسروں کو بھی اپنے ساتھ لے کر چلیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو منزل تک لے جاتا ہے