نوجوانوں کو قرضوں کے بجائے قابلیت فراہم کی جائے‘ ضیاء الدین انصاری

جماعت اسلامی کا بنوقابل پروگرام اسی سمت کی ایک بڑی کاوش ہے، جو ملک بھر میں نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہا ہے۔

منگل 15 جولائی 2025 16:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت، ذہین اور جذبے سے بھرپور ہیں، ضرورت صرف سمت دینے کی ہے،جماعت اسلامی کا بنوقابل پروگرام اسی سمت کی ایک بڑی کاوش ہے، جو ملک بھر میں نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کے عالمی دن کے موقع پر ’’بنوقابل پروگرام ‘‘کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہزاروں نوجوان مفت آئی ٹی کورسز میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، اور اسی تربیت کی بدولت وہ اب فری لانسنگ، ای کامرس، ویب ڈویلپمنٹ اور گرافک ڈیزائننگ جیسے شعبوں میں باعزت روزگار کما رہے ہیں۔

بنوقابل پروگرام نہ صرف روزگار دے رہا ہے بلکہ خود انحصاری اور عزت نفس کو بھی فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ صرف ایک کورس نہیں، بلکہ نوجوانوں کے اعتماد کی بحالی کا ذریعہ ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بنوقابل جیسے کامیاب ماڈلز سے سیکھے اورہنر سکھانے والے منصوبوں کو قومی سطح پر وسعت دے۔نوجوانوں کو قرضوں کے بجائے قابلیت فراہم کی جائے۔تعلیمی اداروں میں جدید آئی ٹی اور فنی تربیت کو لازم قرار دیا جائے۔امیر لاہور نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے عزم کیا ہے کہ بنوقابل پروگرام کے تحت شہر لاہور میں ہر باصلاحیت نوجوان کو ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کا موقع فراہم کریں گے۔