پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو ٹھوس باہمی معاشی مفاد کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہیریحان نسیم بھراڑہ

منگل 15 جولائی 2025 22:50

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء) پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو ٹھوس باہمی معاشی مفاد کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی میں براہ راست رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے مکہ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ٹورازم کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ عمر قاضی سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے پاک سعودی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری سطح پر تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کو بھی اپنا متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے اس سلسلہ میں مکہ چیمبر کی قیادت کو فیصل آباد چیمبر کے دورے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

جسے عبداللہ عمر قاضی نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات ہیں جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے سعودی سرمایہ کار اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے سعودی قیادت کی وژن 2030ء کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اس سے سعودی عرب میں پائیدار ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ اِس سے قبل مکہ چیمبر پہنچنے پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر تامر احمد باعظیم نے ریحان نسیم بھراڑہ کا خیر مقدم کیا۔

ریحان نسیم بھراڑہ اور عبداللہ عمر قاضی کے درمیان یادگاری شیلڈوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس موقع پرمکہ چیمبر کے ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ فہد سعود دمنہوری کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو ممبر حافظ شفیق کاشف اور چوہدری کاشف نواز رندھاوا بھی موجود تھے۔