جہلم ویلی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی پہیہ جام ہڑتال،عوام،سرکاری ملازمین کو سفر میں شدید مشکلات کاسامنا

منگل 15 جولائی 2025 23:04

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)مظفرآباد اور جہلم ویلی کے ٹرانسپورٹر کے درمیان ٹائم کے تنازعہ پر جہلم ویلی بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی پہیہ جام ہڑتال،عوام،سرکاری ملازمین کو سفر میں شدید مشکلات کاسامنا،اندرون ضلع پرائیویٹ گاڑیاں،رکشہ،موٹر سائیکل چلتے رہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد اور جہلم ویلی کے ٹرانسپورٹر کے درمیان ٹائم کے تنازعہ پر منگل کے روز جہلم ویلی بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ نے مکمل پہیہ جام ہڑتال کی ،البتہ اندرون ضلع پرائیویٹ گاڑیاں ،رکشہ ،موٹر سائیکل چلتے رہے ،چیئرمین ٹرانسپورٹ یونین جہلم ویلی راجہ محمد فرید خان کا موقف ہے کہ مظفرآباد ،جہلم ویلی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عدالتی سٹے آرڈرز کے باوجود جہلم ویلی کے مقامی ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، بااثر، غنڈہ عناصر کو فائدہ پہنچا کر لوکل ٹرانسپورٹ سروس کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جو کہ ناقابل قبول ہے،ہماری گاڑیاں چالیس ،چالیس سال سے مکمل قانونی لوازمات پورے کر کے چل رہی ہیں ،نئی گاڑیوں کو جہلم ویلی کے روٹس پر ڈال کر پرانے ٹرانسپورٹروں کی روزی پر حملہ کیا جا رہا ہے، جب تک عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظات کا ازالہ نہیں ہوتا ہمارا پرامن احتجاج جاری رہے گا، مظفرآباد اور جہلم ویلی انتظامیہ مظفرآباد اور جہلم ویلی کے ٹرانسپورٹر کے درمیان پائے جانے والے تنازعہ کو بات چیت کے زریعے حل کرنے اور ہڑتال ختم کروانے کے لیے متحرک ہے،دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کو مزید پریشانی سے بچانے کے لیے انتظامیہ فوری طور پر ٹرانسپورٹر کے تمام جائز مطالبات حل کرے،ٹرانسپورٹر اپنا سرمایہ لگا کر عوام کی خدمت کرتے ہیںانھیں مزید مسائل سے دوچار نہ کیا جائے ۔

۔۔۔۔