
سلامتی کونسل: ہیٹی میں یو این سیاسی مشن کی مدت میں توسیع منظور
یو این
منگل 15 جولائی 2025
19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 15 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی میں ادارے کے سیاسی مشن کی مدت میں رواں سال کے آخر تک توسیع کر دی ہے جہاں جرائم پیشہ مسلح جتھوں کے تشدد، سیاسی ناکامی اور شدید انسانی بحران نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔
کونسل نے قرارداد 2785 کی منظوری کے ذریعے بحران زدہ ملک میں اقوام متحدہ کے مربوط دفتر (بی آئی این یو ایچ) کے اختیارات کی تجدید کرتے ہوئے ملکی عوام کے زیرقیادت مسائل حل کرنے کے عمل کی توثیق کی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب دارالحکومت پورٹ او پرنس کے بڑے حصے پر مسلح جتھوں کا قبضہ ہے جن کے ہاتھوں رواں سال 4,000 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 13 لاکھ سے زیادہ لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ملک میں بڑھتے ہوئے غذائی عدم تحفظ اور سرکاری اداروں کے خاتمے نے حالات کو مزید بگاڑ دیا ہے۔
(جاری ہے)
اس صورتحال میں خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کو کہیں زیادہ خطرات لاحق ہیں جبکہ جنسی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مجرمانہ حملوں کی نئی لہر
سلامتی کونسل نے ہیٹی میں سلامتی و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مستقبل میں اقوام متحدہ کے ممکنہ کردار کے بارے میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی سفارشات پر بلاتاخیر غور کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔
فروری میں سیکرٹری جنرل نے کونسل کو اس حوالے سے کئی امکانات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں لوگوں اور اداروں کے خلاف مجرمانہ حملوں کی نئی لہر ایک پریشان کن علامت ہے جبکہ اصلاح احوال کے لیے وقت تیزی سے کم ہو رہا ہے۔
انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ملک میں سکیورٹی اداروں کو مدد دینے کے لیے تعینات کردہ کثیرملکی مشن (ایم ایس ایس) کی حمایت کریں۔ سلامتی کونسل نے اکتوبر 2023 میں یہ مشن تعینات کرنے کی منظوری دی تھی جس کا مقصد ہیٹی کی پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے تشدد پر قابو پانے میں مدد دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سلامتی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو سیاسی بحران کے حل کی جانب قومی پیش رفت کے مطابق ہونا چاہیے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں متعدد ارکان نے سیکرٹری جنرل کی تجاویز کو قبول کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ چین کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہیٹی کے حوالے سے تعمیری راہ نکالنے کے لیے دیگر ارکان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
سلامتی کونسل کے اقدام کا خیرمقدم
اقوام متحدہ میں ہیٹی کے مستقل نمائندے پیئر ایرک پیئر نے سلامتی کونسل کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے مشن کی مدت میں توسیع سے ہیٹی کے حکام کو حقیقی سیاسی مکالمے، اچھی حکمرانی، سلامتی کو بہتر بنانے، انصاف کی فراہمی اور انسانی حقوق کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کا مشن قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد میں مدد دے گا جس میں آئینی اصلاحات اور انتخابات بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشن کو ہیٹی کے حکام کی مدد کے لیے ایک کلی منصوبے کے تحت کام کرنا ہو گا۔
امریکہ کے سفیر نے ملک میں ہنگامی بنیاد پر سیاسی پیش رفت کے لیے زور دیا اور بین الاقوامی شراکت داروں سے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے تعاون میں اضافہ کریں۔

مشن کے نئے سربراہ کا تقرر
کونسل کے ارکان نے ہیٹی میں اقوام متحدہ کے مشن کے نئے سربراہ کارلوس میسیو کی تعیناتی کا خیرمقدم کیا۔ وہ اس وقت کولمبیا میں ادارے کے تصدیقی مشن کی سربراہی کر رہے ہیں اور وسیع تر سفارتی و سیاسی تجربے کے حامل ہیں۔
ہیٹی میں اقوام متحدہ کا مربوط دفتر ایک خصوصی سیاسی مشن کی حیثیت سے کام کرتا ہے جسے 2019 میں ہیٹی کے حکام کو سیاسی بات چیت، انصاف، انسانی حقوق اور حکمرانی کے ضمن میں مدد دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ اس کے تحت ملک میں قیام امن اور سیاسی امور سے متعلق کئی مشن کام کر چکے ہیں جن میں 'مینوسٹا' بھی شامل تھا جو 13 برس تک بڑے پیمانے پر ذمہ داریاں انجام دینے کے بعد 2017 میں مکمل ہوا۔
متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں 11 روپے تک اضافہ کر دیا
-
پیکا ایکٹ کی طرح فیڈرل کانسٹیبلری کا آرڈیننس بھی غیرآئینی اور وفاق کا اپنی حدود سے تجاوز ہے
-
خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی لوٹ سیل
-
جیل میں قید ڈاکٹر یاسمین راشد کی رات گئے طبیعت بگڑ گئی
-
حکومت کا ہر 15 دن بعد چینی مہنگی کرنے کا فیصلہ
-
16 لاکھ سے زائد کاروباری افراد کا ملک چھوڑ جانے کا انکشاف
-
آج رات سے پٹرول کتنا مہنگا ہو گا؟
-
ٹرمپ نے روس کو 'انتہائی سخت محصولات' سے خبردار کیا
-
دو ہزار بائیس کا ڈیٹا لیک، 2025 میں خفیہ ہجرت : افغانوں کی نئی زندگی کا آغاز
-
دریائے سندھ میں پھنس جانے والے افراد کو خیبرپختونخواہ ریسکیو 1122 نے ڈوبنے سے بچا لیا
-
غزہ: پانی فراہمی کے منتظر بچوں کی میزائل حملے میں ہلاکت قابل مذمت
-
دنیا کی سمت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول سے دور، گوتیرش
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.