اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی منظوری کے بعد تعلیمی پروگراموں کی فیسوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا

منگل 15 جولائی 2025 19:20

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی منظوری کے بعد تعلیمی پروگراموں کی فیسوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ فیسوں میں کمی کے باعث یونیورسٹی میں داخلہ اپلائی کرنے والے طلباو طالبات کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے گزشتہ روز عباسیہ کیمپس میں واقع مرکزی داخلہ مرکز کا دورہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر طلباو طالبات اور والدین سے داخلہ سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظر شدہ فیسوں کے باعث داخلے کے لیے بڑی تعداد میں طلباؤطالبات آرہے ہیں۔ فیسوں کے نئے شیڈول کے مطابق بی ایس بائیو انفارمیٹکس، بی ایس اپلائیڈ مائیکرو بائیولوجی، لائیو سٹاک ڈپلومہ، بی ایس کیمپوٹنگ، بی ایس نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس، بی ایس ایسٹرین میڈیسن اینڈ سرجری، بی ایس ہومیوپیتھک میڈیکل سائنس،بی ایس اپلائیڈ سائیکالوجی، بی ایس آرکیٹیکچر، فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز، فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ کے بی ایس پروگراموں اور ایم فل ڈی وی ایم کی فیسوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح بی ایس ہسٹری، پاکستان اسٹڈیز، آرکیالوجی، فارسی، سرائیکی، اقبال اسٹڈیز، فلاسفی، فائن آرٹس، جغرافیہ اوراردو کی فیس 25 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تمام بی ایس پروگراموں کی فیس 65 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ تمام سوشل سائنسز، آرٹس اور اسلامک اینڈ عربیک اسٹڈیز کے پروگراموں میں ایم فل کی فیس 75 ہزارروپے اور پی ایچ ڈی کی فیس 1 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح تمام سائنس پروگراموں میں ایم فل کی فیس 85 ہزار روپے اور پی ایچ ڈی کی فیس 110940 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔