Live Updates

وفاقی دارالحکومت میں پانی کی ضرورت پوری کرنے کے لئے چار نئے ڈیموں کی فزیبلٹی جلد تیار ہو جائے گی، شناختی کارڈ بلاک کرنے کے معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا، وزیر مملکت طلال چوہدری

منگل 15 جولائی 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پانی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پانی کی ضرورت پوری کرنے کے لئے چار نئے ڈیموں کی فزیبلٹی جلد تیار ہو جائے گی، شناختی کارڈ بلاک کرنے کے معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر فوزیہ ارشد، کامران مرتضیٰ،دنیش کمار اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے پانی کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہے ، پانی کی ضرورت 120 ملین گیلن یومیہ ہے جبکہ اس وقت دستیاب پانی 65 ملین سے 80 ملین گیلن یومیہ کے درمیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنی بھی نئی تعمیرات ہو رہی ہیں ان میں اب ری چارج کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ بارش کا پانی بھی محفوظ کیا جا سکے اور زیر زمین سطح پانی کی سطح میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویلوں کی وجہ سے بھی پانی کی زیر زمین سطح بہت نیچے چلی گئی ہے،وزیراعظم نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے لئے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے جس میں مقامی ایم این ایز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کو چار ڈیموں کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس کا پہلا ٹینڈر جلد جاری ہو جائے گا،آنے والے دنوں میں اسلام اباد میں پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا لیکن یہ مسئلہ رواں سال عملی طور پر حل ہوتا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز جب بنائے گئے تو غلطی سے یا جان بوجھ کر مختلف خاندانوں کی فہرست میں دوسرے لوگوں کو بھی شامل کر دیا گیا اور کئی غیر ملکیوں نے بھی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس بنوا لئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً پانچ ہزار ایسے لوگوں کے پاسپورٹس پکڑے گئے ہیں جو پاکستانی شہری نہیں تھے، 2014ء اور 2019ء میں ریکارڈ کی تصدیق کے لئے ایک باقاعدہ مہم چلائی گئی ،اس کے علاوہ مختلف ایجنسیوں اور زونل ویری فیکیشن بورڈز سے بھی ریکارڈ کی تصدیق کرائی جاتی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ شناختی کارڈ بلاک کرنے کے معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا،ریکارڈ کے غلط اندراج پر نادرا کے درجنوں اہلکاروں کے خلاف بھی فوجداری کارروائی کی گئی ہے اور مقدمات بھی درج کئے ئے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات