یورپی یونین کا غزہ جنگ پر اسرائیل کے خلاف کارروائی پر غور

بدھ 16 جولائی 2025 08:40

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نےغزہ کی جنگ پر اسرائیل کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا، تاہم اس پر اتفاقِ رائے کا امکان کم ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے فریقین کے درمیان تعاون کے معاہدے کی اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزی کے بعد 10 ممکنہ اقدامات پیش کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اِن میں پورا معاہدہ معطل کرنے یا تجارتی تعلقات کو روکنے سے لے کر اسرائیلی وزرا پر پابندیاں عائد کرنے، ہتھیاروں پر پابندی لگانے اور بغیر ویزہ سفر کو روکنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔غزہ میں ہونے والی تباہی پر بڑھتے ہوئے غم و غصے کے باوجود یورپی یونین کے ممالک اس بات پر منقسم ہیں کہ اسرائیل سے کیسے نمٹا جائے اور سفارت کاروں کے مطابق ’ان میں کسی بھی اقدام کے لیے کوئی اتفاق رائے نظر نہیں آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر بنیادی توجہ اس بات پر مرکوز ہو گی کہ یورپی یونین غزہ میں جاری انسانی بحران سے نمٹنے میں کس طرح بہتری لا سکتی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کی صورت حال تباہ کن ہے۔