اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کے تینوں اسٹوڈنٹس والدین بن گئے

فلم’’ اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘‘ میں تین سپر اسٹارز نے ڈیبیو دیا تھا جن میں عالیہ بھٹ بھی تھیں

بدھ 16 جولائی 2025 10:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں تین سپر اسٹارز نے ڈیبیو دیا تھا جن میں سے ایک معروف فلمساز مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ تھیں۔عالیہ بھٹ کے علاوہ اس فلم میں ہدایتکار ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورون دھون اور ماڈلنگ کی دنیا سے شوبز میں قدم رکھنے والے سدہارتھ ملہوترا بھی شامل تھے۔

کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ ایک رومانوی فلم تھی جس میں ایک فکشنل تعلیمی ادارے سینٹ ٹیریسا ہائی اسکول میں تینوں ستاروں کو پڑھتے دکھایا گیا۔فلم میں عالیہ بھٹ نے شنایا کا کردار نبھایا جبکہ ورون دھون روہن نندا اور سدہارتھ ملہوترا ابھیمنیو کے کردار میں جلوہ گر ہوئے۔فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور بالی وڈ کو ایک ہی فلم نے تین ایسے ستاروں سے نواز دیا جنہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنی خاص پہچان بنالی۔

(جاری ہے)

شوبز میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تینوں نے ہی اپنی ازدواجی زندگی کو بھی ساتھ لیکر چلنے کا ارادہ رکھا اور لو میرج کی۔بالی وڈ کے ان تین اسٹوڈنٹس میں سب سے پہلے ورون دھون نے 24 جنوری 2021 کو اپنی زندگی کی محبت، بچپن کی دوست اور ڈیزائنر نتاشا دلال سے شادی کی تھی جن کے امید سے ہونے کا اعلان فروری 2024 میں کیا گیا۔3 جون کی رات نتاشا دلال کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس پر دھون اور دلال خاندان کے افراد خوشی سے جھومتے نظر آئے۔

عالیہ بھٹ نے اپنے بچپن کے کرش رنبیر کپور سے 14 اپریل 2022 کو ایک نہایت نجی تقریب میں شادی کی۔سال 2022 میں اس جوڑی نے اپنی پہلی اولاد بیٹی راہا کپور کا استقبال کیا اور بیٹی کا چہرہ پہلی مرتبہ عوام کو کرسمس 2023 پر دکھایا۔بلاشبہ سدہارتھ اور کیارا کی محبت کی کہانی ایک خوبصورت فلم کی طرح ہے، جہاں دونوں کی ملاقات فلم شیرشاہ کے دوران ہوئی اور پھر یہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔دیکھتے ہی دیکھتے ان لوو برز کی محبت اس قدر جلدی پروان چڑھی کہ انکی کیمسٹری کیساتھ محبت کو بھی دنیا نے تسلیم کرلیا۔ یہاں تک کہ سدہارتھ اور کیارا دونوں نے بھی کبھی اپنی محبت کو نہیں چھپایا، اور میڈیا کی نظر میں آنے کے باوجود ان دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ اپنی محبت کو سچا رکھا۔