حمیرا اصغر کی گھر سے لاش برآمد معاملہ، تاحال کوئی واضح پیش رفت یا کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی

عدالت نے تفتیشی افسرسے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کرلی، ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جا چکی ہے جس نے اب تک متعدد افراد کے بیانات قلمبند کئے ہیں، رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 جولائی 2025 14:15

حمیرا اصغر کی گھر سے لاش برآمد معاملہ، تاحال کوئی واضح پیش رفت یا کامیابی ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں اداکارہ حمیرا اصغر کی گھر سے لاش برآمد ہونے کے معاملے پر شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، تاحال کسی قسم کی واضح پیش رفت یا کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی، عدالت نے تفتیشی افسرسے پوسٹ مارٹم رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت میں جمع کروائی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرحومہ کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ڈی این اے اور دیگر سائنسی نمونے حاصل کرنے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرکے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سماعت کے دوران ایس پی کمپلین سیل نے رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے آگاہ کیا کہ ایس پی کلفٹن کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے جس نے اب تک متعدد افراد کے بیانات قلمبند کئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم رپورٹ کے مطابق تاحال کسی قسم کی واضح پیش رفت یا کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ حمیرہ اصغر کی موت کے معاملے پرشہری نے مقدمہ درج کرنے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔شہری شاہ زیب نے مقدمہ درج کروانے کیلئے سیشن جج جنوبی کی عدالت سے رجو ع کیاتھا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھاکہ حمیرا اصغر علی کی موت طبعی نہیں بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا۔

عدالت اس معاملے پر ہرممکن قانونی اقدامات کرے۔درخواست گزار نے ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو فریق بنایا تھا۔شہری شاہ ذیب سہیل نے درخواست میں کہا ہے کہ حمیرا اصغر علی کی موت طبعی نہیں بلکہ انہیں قتل کیا گیا ہے، پولیس نے بھی واقعے کو تشویش ناک بتایا تھا۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ کے خاندان کا ان سے قطع تعلق بھی حیرت میں مبتلا کرتا تھا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ مقدمے میں مرحومہ کے خاندان کو بھی نامزد کرکے تحقیقات کرائی جائیں۔درخواست گزارکایہ بھی کہنا تھا کہ حمیرا اصغر شوبز سے وابستہ بااثر شخصیت تھیں اس واقعے کی وجہ سے لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے، اور وقوعہ کی ویڈیو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسا ان کا قتل کیا گیا تھا۔