ڈسٹرکٹ جیل نوابشاه میں قیدیوں کے لیے مفت میڈیکل کیمپ منعقد ، ماہر ڈاکٹروں کی خدمات اور مفت ادویات فراہمی

بدھ 16 جولائی 2025 16:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صحت شہید بینظیرآباد کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل شہید بینظیرآباد میں قیدیوں کے لیے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے قیدیوں کا طبی معائنہ کیا، مختلف بیماریوں کی تشخیص کی گئی اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

کیمپ میں ملیریا، ہیپاٹائٹس، بلڈ پریشر، الٹراساؤنڈ اور دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ شہید بینظیرآباد خان محمد زرداری نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاھری کے ہمراہ جیل میں قائم کیمپ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کا مقصد قیدیوں کو جیل کے اندر ہی تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

محکمہ صحت کے افسران نے ریجنل ڈائریکٹر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپ صوبائی وزراء کی ہدایات اور جیل انتظامیہ کے بھرپور تعاون سے منعقد کیا گیا، تاکہ قیدیوں کو صحت کے مسائل سے بچایا جا سکے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ غلام رسول مشوری نے بتایا کہ اس وقت جیل میں 387 قیدی موجود ہیں، اور ان کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے یہ کیمپ صوبائی وزراء کی ہدایت پر لگایا گیا ہے۔