سیالکوٹ، ریسکیو1122 کا روز ویلفئیر آرگنائزیشن کے تعاون سے شجر کاری کا اہتمام

بدھ 16 جولائی 2025 16:38

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سیالکوٹ میں ریسکیو1122 نے روز ویلفئیر آرگنائزیشن کے تعاون سے شجر کاری کا اہتمام کیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات کے مطابق مون سون کے سیزن میں ریسکیو 1122 نے روز ویلفئیر آرگنائزیشن کے تعاون سے شجر کاری کا اہتمام کیا جس کا مقصد زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کے بارے عوام میں شعور بیدار کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفسیر انجینئر نوید اقبال ہمراہ کلین گرین پاکستان کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمین روز ویلفئیر کے صدر اشفاق نذر، سماجی رہنما مرزا عبدالشکور، عبدالجلیل چاچا کرکٹ، میاں سرفراز نواز، پیر غلام حسین سلطانی، میاں شمیل، چوہدری آفاق، ملک زاہد حسین، اظہر اقبال مغل، محمد زاہد، چوہدری موسیٰ اشفاق، محمد وسیم عطاری، حافظ محمد سلیم، محمد رمضان کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات، کمیونٹی ممبرز، ریسکیورز و ریسکیو سکاؤٹس نے پسرور روڈ پر گرین بیلٹ پہ پودے لگائے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ عوام الناس ایسے اقدامات کو اپنانے سے گریز کریں جو زمینی اور فضائی آلودگی کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک اشیاء کا استعمال اور بعد میں اسے بڑے پیمانے پر جلانا، پانی کا بے دریغ استعمال، فصلوں کی با قیات کو جلانا، فیکٹریوں کا زہریلا دھواں زمین اور اس کے ماحول کے لیے خطرہ ہے، شجر کاری سے ہی ہم اپنے ماحول کو خوشگوار اور پاک صاف بنا سکتے ہیں۔ اشفاق نذر نے کہا کہ ہم شجر کاری مہم کے لیے ہر طرح کے تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور انشاءاللہ ہم وطن عزیز کو بڑھتی آلودگی سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔