وفاقی تعلیمی بورڈ کا سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ کے پہلے سالانہ امتحانات 2025 کے پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان

بدھ 16 جولائی 2025 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے پہلے سالانہ امتحانات 2025 کے پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا۔پارٹ ون میں کامیابی کا تناسب 62.18 فیصد جبکہ پارٹ ٹو کا 88.51 فیصد رہا۔ بدھ کو جاری نتائج کے مطابق آرمی پبلک سکول ویسٹرج راولپنڈی کی طالبہ مریم ندیم نے 1093 نمبر لے کر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، لاہور گرائمر سکول واہ کینٹ کی طالبہ آمنہ ناصر نے 1087 نمبر لے کر دوسری جبکہ عمالہ فائونڈیشن سکول اینڈ کالج پی آئی اے کالونی مصریال روڈ راولپنڈی کی طالبہ صالحہ ثاقب 1083 اور آرمی پبلک سکول اٹک کی طالبہ ہانیہ ایمان وحید 1083 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

ہیومینٹیز گروپ میں شائننگ سٹار سکول پیپلز کالونی کی ثناء بی بی نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

وفاقی تعلیمی بورڈ میں نتائج کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تعلیم فرح ناز اکبر، وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک، پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء، اساتذہ، والدین اور وزارت تعلیم کے حکام ایک بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک چین نے آبادی کو بوجھ بنانے کی بجائے اسے اپنی طاقت بنا لیا ہے، ہمیں اسی طرز پر نوجوان نسل کو تعلیم و تربیت دے کر اپنی طاقت ہو گا، آج تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کا حصول بھی ایک ضرورت بن چکا ہے، ہمیں اس طرف بھی توجہ دینا ہو گی۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ نوجوان ہماری ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں، نوجوانوں کو بہترین تربیت دے کر آئندہ 10 سے 15 سالوں میں ہم دنیا میں ایک اہم مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیل ہوتی ہوئی دنیا کے ساتھ چلنا وقت کی ضرورت ہے، جو لوگ ایسا نہیں کریں گے ان کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات نے نمایاں پوزیشن حاصل کی، ہمیں اپنی طالبات کیلئے دلوں اور معاشرے میں گنجائش پید ا کرنا ہو گی۔

ایس ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات میں 137689 طلباء و طالبات نے حصہ لیا جس میں سے 121120 کامیاب رہے۔ کامیاب ہونے والے طلباء میں سے 111558 ریگولر تھے جن کی کامیابی کا تناسب 93.26 فیصد رہا جبکہ پرائیویٹ طلباء میں سے 9562 کامیاب ہوئے ، کامیابی کا تناسب 55.51 فیصد رہا۔ایس ایس پارٹ ون میں کل 146348 طلباء نے حصہ لیا جس میں سے 89882 کامیاب رہے، کامیابی کا تناسب 62.18 فیصد رہا۔

ریگولر طلباء میں سے 86862 کامیاب رہے جبکہ پرائیویٹ طلباء میں سے 3020 کامیاب رہے۔ ریگولر طلباء کی کامیابی کا تناسب 66.06 فیصد رہا جبکہ پرائیویٹ طلباء کا 23.10 فیصد رہا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے تمام نتائج ویب سائٹ پر جاری کر دیئے ہیں جبکہ طلباء کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی نتائج سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ طلباء 5050 پر اپنا رولنمبر ایس ایم ایس کرکے بھی نتائج معلوم کر سکتے ہیں۔ امتحانات کے دوران 47 طلباء پر ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مقدمات بنائے گئے، انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تمام مقدمات کو نمٹا دیا گیا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے طلباء کو ہدایت کی ہے کہ جن کے نتائج کسی وجہ سے روکے گئے ہیں وہ تعلیمی بورڈ سے رابطہ کریں۔