بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مون سون بارشوں سے تباہی، ہلاکتیں 106 ہوگئیں

بدھ 16 جولائی 2025 19:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)ریاست ہماچل پردیش میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں اب تک 106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ریاست ہماچل پردیش میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ 20 جون سے جاری ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق 20 جون سے 15 جولائی کے دوران ہونے والی بارشوں سے 106 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں سے 62 افراد کی اموات لینڈسلائیڈنگ، سیلاب، کلاڈ برسٹ، ڈوبنے اور کرنٹ لگنے سے ہوئی جب کہ اسی دوران مزید 44 افراد سڑک حادثات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔انتظامیہ نے انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ املاک اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر بھی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 293 سے زیادہ پکے اور 91 کچے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تقریبا 850 ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی اور 81 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے جس میں سڑکیں، پانی کی فراہمی کا اسٹرکچر، بجلی کا بنیادی ڈھانچہ، صحت اور تعلیم کی عمارتیں شامل ہیں۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کے پیش نظر عوام سے الرٹ رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔