Live Updates

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا، عوام سراپا احتجاج

بدھ 16 جولائی 2025 23:10

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد سوات ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث عوام اور ڈرائیوروں کے مابین جھگڑے روز کا معمول بن چکے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے شہری سخت پریشانی اور غصے کا شکار ہیں۔

ٹرانسپورٹرز نے بغیر کسی نوٹیفکیشن کے کرایے بڑھا دیے ہیں، جس پر مسافر برہم نظر آتے ہیں۔ مختلف مقامات پر عوام اور ڈرائیوروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ سوات، مینگورہ، مٹہ، خوازہ خیلہ، کبل اور بریکوٹ کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر کرایہ 20 سے 50 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر صرف عوام پر ڈالا جا رہا ہے، جبکہ حکومت مہنگائی روکنے کے بجائے روز بروز عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ سوات کے مختلف علاقوں میں عوام نے حکومتِ وقت خصوصا وزیراعظم شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جب وہ اپوزیشن میں تھے تو حکومت کو پٹرولیم قیمتوں پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے تھے، اور اب خود اقتدار میں آ کر عوام پر مہنگائی کے بم گرا رہے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز میں کمی کرے، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کنٹرول کے لیے مثر پالیسی نافذ کرے اور ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈان کیا جائے تاکہ عوام کو بلاجواز مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات