Live Updates

اسلام آباد و راولپنڈی میں بارش کی تباہ کاریاں، سیلابی ایمرجنسی نافذ، سائرن بج اٹھے

مسلسل بارشوں کے باعث نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال، پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 11:21

اسلام آباد و راولپنڈی میں بارش کی تباہ کاریاں، سیلابی ایمرجنسی نافذ، ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) اسلام آباد و راولپنڈی میں بارش نے تباہ مچادی، علاقے میں سیلابی ایمرجنسی نافذ کردی گئی، خطرے کے سائرن بھی بج اٹھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور ملحقہ شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی جس پر گوالمنڈی نالہ لئی برج پر خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے۔

واسا اور ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ چکی ہے، 20 فٹ کی حد عبور ہونے کی صورت میں قریبی آبادیاں خالی کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا، اسی طرح کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 13 فٹ ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں آنے والے پانی نے فلش فلڈنگ کی صورت اختیار کرلی اور اس کے ساتھ ملحقہ رابطہ نالوں میں بھی طغیانی کا آغاز ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں افراد محصور ہوگئے، جب کہ نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی، متاثرہ علاقوں میں مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیرودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال شامل ہیں، متذکرہ علاقوں کے کئی گھروں میں بارشی پانی داخل ہو چکا ہے، بعض مقامات پر رابطہ پل مکمل طور پر زیر آب آ گئے، شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کردی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے دریائے سواں میں طغیانی آ چکی ہے، اسلام آباد سے مری کی طرف جانے والے جی ٹی روڈ پر سالگراں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ٹریفک معطل ہوگئی، ریسکیو ٹیمیں، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، مری اسلام آباد جی ٹی روڈ پر سالگراں کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کا ایک حصہ متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات