پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں نمایاں اورمنفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے سٹینڈنگ ممبر لیون مائو جن سے ملاقات میں گفتگو

پیر 1 ستمبر 2025 18:05

پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں نمایاں اورمنفرد مقام رکھتی ہے ..
تیانجن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں ایک نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے ،چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چین نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے سٹینڈنگ ممبر اور تیانجن-بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکرٹری لیون مائو جن نے وفد کے ساتھ ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں ایک نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کے روز جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چین نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے،چین-پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے،چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز 2 میں سمارٹ سٹیز، زرعی صنعت کے حوالے سے تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی زیر قیادت تیانجن کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے،تیانجن-بنہائی نیو ایریا اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کے کراچی پورٹ، بن قاسم پورٹ اور گوادر پورٹ اور چین کے تیانجن پورٹ کے درمیان تعاون اور تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں،پورٹ ہینڈلنگ اور پورٹ آپریشنز کے معاملات کے حوالے سے تیانجن-بنہائی نیو ایریا کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،فارماسیوٹیکل ، بائیو میڈیسن اور جانوروں کی ویکسین کے حوالے سے تیانجن-بنہائی نیو ایریا کی صنعت سے تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں،حکومت پاکستان نے پچھلے ڈیڑھ سال میں معاشی اصلاحات میں نمایاں سنگ میل عبور کئے ہیں،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن ، نئی قومی اقتصادی پالیسی اور آئی ٹی سے متعلق اقدامات کے فروغ سمیت کئی دیگر اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تیانجن سے صنعتی و اقتصادی شعبے سے وابستہ نمایاں افراد کے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔دوران ملاقات وزیراعظم کو تیانجن -بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکرٹری لیون مائو جن کی جانب سے تیانجن-بنہائی نیوایریا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔دوران بریفنگ بتایا گیا کہ تیانجن-بنہائی نیو ایریا میں انٹیلی جینٹ ٹیکنالوجی ، گرین پٹرو کیمیکل، آٹو موٹو انڈسٹری ، بائیو میڈیسن ، نیو انرجی ، ایرو سپیس ، کولڈ چین سٹوریج ، ڈیپ-سی مائننگ ، جین تھراپی سمیت کئی دیگر شعبوں کی صنعتیں موجود ہیں۔

پاکستان اور تیانجن کے درمیان کھاد ،فارماسیوٹیکل ، ٹائرز ، معدنیات اور فشریز کی تجارت ہوتی ہے،تیانجن-بنہائی نیو ایریا پاکستان کے ساتھ تجارت خصوصاً ای-کامرس کو وسعت دینے کا خواہاں ہے،تیانجن-بنہائی نیو ایریا کے کاروباروں اور صنعتوں کو پاکستان تک پھیلانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔