Live Updates

راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجا دئیے گئے، راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان

پاک فوج نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لینے گوالمنڈی پل پہنچ گئی، نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ 20 فٹ کی حد عبور ہونے پر قریبی آبادیاں خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا،نالہ لئی کے اطراف کی مساجد سے اعلانات کا سلسلہ جاری

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 11:21

راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)جڑواں شہر میں شدید طوفانی بارش کا سلسلہ جاری، راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجا دئیے گئے، ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کااعلان کر دیا گیا، پاک فوج نالہ لئی کی صورتحال کا جائزہ لینے گوالمنڈی پل پہنچ گئی،نالہ لئی کے اطراف کی مساجد سے اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں غیرضروری طور پر گھروں سے باہرنہ نکلیں۔راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واسا اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ 20 فٹ کی حد عبور ہونے پر قریبی آبادیاں خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کٹاریاں پل پر بھی پانی کی سطح 20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ 15 گھنٹوں سے بارش جاری ہے۔ راولپنڈی میں اب تک 230 ملی میٹربارش ریکاڈ کی جاچکی ہے۔

نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق شہر میں 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے نالہ لئی اور دریا سواں میں شدید طغیانی ہے۔نالہ لئی میں آنے والے پانی نے فلش فلڈنگ کی صورت اختیار کر لی ہے اور اس کے ساتھ ملحقہ رابطہ نالوں میں بھی طغیانی کا آغاز ہو چکا ہے۔

شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں افراد محصور ہو گئے ہیں جبکہ نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی۔راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد پانی دھمیال کی آبادی میں داخل ہوگیا۔ محلہ راجپوتاں میں گاڑی پانی میں بہہ گئی۔متاثرہ علاقوں میں مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیرودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال شامل ہیں، متذکرہ علاقوں کے کئی گھروں میں بارشی پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ بعض مقامات پر رابطہ پل مکمل طور پر زیر آب آ گئے ہیں۔

شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے۔گلیوں اورسڑکوں پرآمد و رفت معطل ہوگئی۔شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے۔چکری روڈ لادیاں گاؤں میں پھنسی فیملی کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا، ہیلی کاپٹر چھت پر پھنسی فیملی کو ریسکیو کرنے کیلئے بجھوایا گیا۔ایمرجنسی آپریشنز میں ریسکیو 1122 کے3 سو ریسکیوئرز ایمرجنسی ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔  12 ایمبولینس،4 ریسکیو وہیکلز 2 واٹر ریسکیو وہیکلز30 موٹر سائیکل ریسکیوئرز، 8 فائر وہیکلز بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ مجموعی طور 19 مریضوں کو اب تک ریسکیو کیا گیا اور ایک کوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات