بچوں کی مناسب تربیت اور رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان میں خودا عتمادی پیدا کرنا بھی ناگزیر ہے، اختر عباس

جمعرات 17 جولائی 2025 16:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ہائی پوٹینشل آئیڈیاز کے ماہر ٹرینر اختر عباس نے کہا کہ بچوں کی مناسب تربیت اور رہنمائی کیساتھ ساتھ ان میں خودا عتمادی پیدا کرنا بھی اشد ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے کے اہم رکن کی حیثیت سے اپنی زندگی میں کامیابیاں سمیٹنے اور معاشرتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت سمیت بڑھ چڑھ کر سماجی کاموں میں بھی حصہ لے سکیں۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ خود اعتمادی ہی بچوں کی مثبت شخصیت کی عکاسی کرتی ہے اسلئے صحیح معنوں میں پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کیلئے ہمیں مشرقی اقدار اور اسلامی اصولوں سے مزین نوجوان نسل تیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے بچوں کی رہنمائی اور تربیت کے حوالے سے مختلف ماڈلز کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگرامز بچوں کو عملی طور پر متحرک اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی خدا داد صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اور پاکستان کے مستقبل کو بہتر اور خوشحال بنا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نئی اور پرانی نسل کے فکر و عمل میں تفاوت کا ذکر کیا اور کہا کہ اس کو کم کر کے ہی ایک مثبت، فلاحی، سماجی اور مشرقی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف تربیتی سیمینارز میں شرکت کرنیوالے نوجوان بچوں کو اپنے والدین اور بڑوں کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آنے کیساتھ ساتھ بنیادی اخلاقیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا ہے جس کیساتھ ساتھ انہیں مختلف سماجی تقریبات میں بہتر طریقے سے برتاؤ کرنے کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے ذریعے خود کو مہذب معاشرے کا ذمہ دار شہری ثابت کر سکیں۔