موسلادھار اور شدید بارشوں کے باعث ڈیموں کی صورتحال تشویشناک، سپل ویزکھولے جانے کا امکان

دریائے جہلم پر منگلا کے مقام پر شدید سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا، دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، شدید بارشوں کے باعث راول ڈیم بھر گیا، تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 14:00

موسلادھار اور شدید بارشوں کے باعث ڈیموں کی صورتحال تشویشناک، سپل ویزکھولے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)موسلادھار اور شدید بارشوں کے باعث ڈیموں کی صورتحال تشویشناک ہوگئی،سپل ویزکھولے جانے کاامکان،دریائے جہلم پر منگلا کے مقام پر شدید سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا،دریائے جہلم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر 4 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچ سکتی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں 10 ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔بارشوں کے باعث راول ڈیم بھر گیا جس کے باعث سپل ویز کھولے جانے کا امکان ہے۔راول ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 17 سو 47 ایکڑ فٹ پر پہنچ گیا جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 17 سو 52 ایکڑ فٹ ہے۔

(جاری ہے)

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے وارننگ جاری کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا جا چکا ہے تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا سکیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو کر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 23 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 97 ہزار 600 کیوسک ہے۔اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 37 ہزار 900 کیوسک جبکہ اخراج 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نوشہرہ (دریائے کابل) پر پانی کی آمد و اخراج 35 ہزار کیوسک ہے۔ہیڈ مرالہ (دریائے چناب) پر پانی کی آمد 73 ہزار 500 کیوسک اور اخراج 47 ہزار 200 کیوسک ہے۔چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 85 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 14 ہزار 800 کیوسک ہے جبکہ  تربیلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1530 فٹ ہے اور ذخیرہ شدہ پانی 46 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے۔منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1186.70 فٹ ہے اور پانی کا ذخیرہ 34 لاکھ 67 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 648 فٹ ہے جبکہ ذخیرہ شدہ پانی 2 لاکھ 58 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔تینوں ریزروائرز میں مجموعی طور پر قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 83 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا، منگلا اور چشمہ ڈیم میں پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا گزشتہ 24 گھنٹے کے اوسط کے مطابق ہے، جبکہ دیگر مقامات پر پانی کی آمد و اخراج کی معلومات صبح 6 بجے کے وقت کی بنیاد پر جاری کی گئی ہیں۔