پیپلزپارٹی نے اجرک والی نمبر پلیٹس کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

بیمار ذہنیت کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے اجرک کے معاملے پر بات کی ہے،ہیر سوہو ،پیر مجیب الحق

جمعرات 17 جولائی 2025 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی ہیر سوہو ،پیر مجیب الحق اور محمد آصف کی جانب سے اجرک والی نمبر پلیٹس کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ہے ۔ہیر سوہو نے قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیمار ذہنیت کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے اجرک کے معاملے پر بات کی ہے۔

سندھ کی ہزاروں سال کی ثقافت ہے۔وہ رہنما جو یو سی جیت نہیں پاتے وہ اجرک پر بات کرتے ہیں ۔اجرک کے معاملے پر ایشوز ہیں تو الگ رکھ کر بات کی جاسکتی ہے۔نمبر پلیٹ کی آڑ میں سندھ کی ثقافت اور اجرک پر بات کی جائے گی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ بد تر حالت میں پہنچ کر بھی یہ لوگ سیکھ نہیں پائے۔

(جاری ہے)

انہون نے ہمیشہ لسانیت کی سیاست کی ہے ۔

دیگر صوبوں کی پلیٹ پر کیا چھاپا گیا ہے۔ہماری ثقافت کو گالیاں مت دیں ۔اگر آپ کو اجرک پر اعتراض ہے تو دوسرے صوبوں کی نمبر پلیٹ بنوائیں ۔انہوںنے کہا کہ آج قرار داد جمع کرائی ہے اسمبلی میں بھی بات کریں گے۔آپ کی بیمار سوچ کی وجہ سے کراچی والے پریشان ہیں ۔سیاست بچانے کے لیئے اجرک پر تنقید کرنا مناسب نہیں ۔اجرک اور انتظامی معاملے کو الگ رکھا جائے گا۔

پیر مجیب الحق نے کہا کہ اجرک سندھ کی تہذیب ہے جو بیانات دیئے گئے ہیں ہمارے دل دکھانے کی بات کی گئی ہے۔فارم 47 سے آنے والے ہمارے بھائی آج بھی لسانیت کی سیاست کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سندھ میرٹ پر ملازمت ملی ہیں کوئی تفریق نہیں کی گئی۔جن کو اجرک فوبیا ہے سندھ کا کھانے کے بعد بھی ان کو برداشت نہیں ہورہا ۔اگر کسی کو یہ باتیں پسند نہیں تو بیشک وہ یہاں سے چلے جائیں۔