وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے صوبے کے تین مختلف افسوسناک واقعات پر فوری نوٹسز اور ہدایات

جمعرات 17 جولائی 2025 19:54

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے صوبے کے تین مختلف افسوسناک واقعات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نواب شاہ، لیاری اور خیرپور میں پیش آنے والے تین اندوہناک واقعات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام کو سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے نواب شاہ میں زمین کے تنازع پر 6 افراد کے قتل کے واقعے پر شدید افسوس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

انہوں نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

(جاری ہے)

لیاری میں مخدوش عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر وزیراعلی سندھ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی ہے۔

انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو خطرناک عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی اور شہر بھر میں اسٹرکچرل جانچ کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانیں سب سے قیمتی ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خیرپور ٹریفک حادثہ:* وزیراعلی سندھ نے خیرپور میں قومی شاہراہ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں مسافر وین الٹنے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ وزیراعلی سندھ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر سے بھی حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔