پنجاب میں میٹرو بس و اورنج لائن کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعرات 17 جولائی 2025 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی اجلاس میں پنجاب کے ماس ٹرانزٹ سسٹم کو ڈیجیٹل پیمنٹ ماڈل پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروسز میں ٹوکن سسٹم ختم کر کے بار کوڈ اور کارڈ بیسڈ پیمنٹ متعارف کرائی جائے گی۔

نئے نظام کے تحت شہری کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل ایپس کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے۔ این ایف سی ٹیکنالوجی کے ذریعے ''ٹیپ اینڈ گو'' سسٹم بھی متعارف ہوگا۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور اسلام آباد کی میٹرو بسوں سمیت اورنج لائن ٹرین میں یہ نظام جلد نافذ کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے’’ٹی کیش کارڈ‘‘ کی منظوری دے دی ہے، جو صوبے بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر یکساں طور پر قابلِ استعمال ہوگا۔

(جاری ہے)

طلبہ کیلئے علیحدہ کارڈ بھی متعارف کرایا جائے گا۔اجلاس میں گاڑیوں کے تمام امور کیلئے ایک مربوط’’آر ایف آئی ڈی اسٹیکر‘‘ سسٹم متعارف کرانے اور موٹر سائیکل رکشے کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ لانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ مریم نواز نے الیکٹرک رکشہ منصوبے پر سفارشات طلب کر لیں۔اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے ییلو لائن لاہور، گوجرانوالہ بی آر ٹی، الیکٹرک بسوں، اور لاہور کے پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹرز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق اگست سے اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی شروع ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل آسامیوں (گریڈ 5 تا 18) پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی اور پہلی بار انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد کی اجازت دی۔