Live Updates

کمشنر ڈیرہ غازی خان کا راجن پور کا دورہ، رودکوہیوں سے متاثرہ سیلابی علاقوں کا جائزہ

جمعرات 17 جولائی 2025 19:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نےراجن پور کے رودکوہیوں سے متاثرہ سیلابی علاقوں کا دورہ کرکے پانی کی موجودہ صورتحال اور بہاؤ کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ایکسین رودکوہی رانا منور نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رودکوہی کے پانی کی نکاسی اور سیم نالوں کی صفائی کا عمل تسلسل سے جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رودکوہی کے پانی اور سیم نالوں کی مانیٹرنگ مسلسل جاری رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنر نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر آئندہ رات بارش کی پیشگوئی ہے، لہٰذا محکمہ انہار اور ریسکیو ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔بعد ازاں کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے آر ڈی 186 بکھر پور کا بھی دورہ کیا اور وہاں حفاظتی بندوں اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ ہر صورت مستعد رہیں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔کمشنر نے علاقے کے مکینوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات