یونان کشتی حادثہ کے مقدمے میں ملوث ملزم کی ضمانت منظور

جمعرات 17 جولائی 2025 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے یونان کی کشتی حادثہ کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت منظور کرلی ۔عدالت نے ملزم مظہر اقبال کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ملزم مظہر اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانولہ عبدالقادر قمر پیش ہوئے ۔وفاقی حکومت کے وکیل نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ عدالت پیش کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا کہ ملزم نے ماموں اور اس کے بھانجے کو یونان بھجوانے کیلئے 66 لاکھ روپے لئے۔یونان کشتی حادثہ میں ماموں ہلاک ہوگیا ، بھانجا کشتی میں بیٹھنے سے انکار پر بچ گیا ۔۔ایف آئی اے نے ملزم گرفتار کیا ، تفتیش میں ملزم قصور وار ہے۔ وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے 6 لاکھ روپے واپس کردئیے ،باقی بھی واپس کردئیے جائیں گے۔ استدعا ہے کہ ملزم کی ضمانت منظور کی جائے ۔عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی ۔