Live Updates

چکوال میں طوفانی بارش کے بعد ڈیم کا بند ٹوٹ گیا

دھروگی راجگان ڈیم کے ٹوٹنے سے اہم شاہراہ کا ایک حصہ پانی کی نذر ہو گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جولائی 2025 20:34

چکوال میں طوفانی بارش کے بعد ڈیم کا بند ٹوٹ گیا
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی2025ء) چکوال میں طوفانی بارش کے بعد ڈیم کا بند ٹوٹ گیا، دھروگی راجگان ڈیم کے ٹوٹنے سے اہم شاہراہ کا ایک حصہ پانی کی نذر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع چکوال میں جمعرات کے روز ہونے والی غیر معمولی طوفانی بارش کے بعد ضلع کی صورتحال کافی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چکوال میں دھروگی راجگان ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔

ڈیم کے ٹوٹنے سےچکوال سوہاوہ روڈ سے فرید خان لنک روڈ کا ایک حصہ پانی کی نذر ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ چکوال میں کلاؤڈ برسٹنگ کے باعث طوفانی بارش جاری ہے، چکوال میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جب کہ سیلابی علاقوں میں میں پھنسے ہوئے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ چکوال میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا سامنا ہے، گزشتہ 10 گھنٹوں کے دوران چکوال میں تقریباً 400 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کے اہکار ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا ریسکیو و ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پاک فوج سے بھی رابطے میں ہے، شہریوں کے باحفاظت انخلاء تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔                 
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات