قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس، پی آئی اے کی برطانیہ اور فرانس کیلئے پروازوں کے آغاز پر تعریف

جمعرات 17 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے پانچ سال کے وقفے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی برطانیہ اور فرانس کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر تہہ دل سے تعریف کرتے ہوئے اس اہم سنگ میل کو پورا کرنے میں وزارت دفاع اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا جو پاکستان کے بین الاقوامی رابطوں کی بحالی کے لیے حکومت کے عزم کو واضح کرتا ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس رکن قومی اسمبلی فتح اللہ خان کی صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی کے اجلاس میں پی آئی اے کے فلائٹ آپریشنز کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ملک کے ایوی ایشن سیکٹر کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کمپنی لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کے ڈائریکٹر جنرل نے ایئر لائن کی موجودہ صورتحال بشمول اس کے تنظیمی ڈھانچے، فلیٹ کی ترقی اور ملکی اور بین الاقوامی نیٹ ورک کی توسیع وغیرہ کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی۔

انتظامی اقدامات کے ذریعے اٹھائے گئے مثبت اقدامات اور پی آئی اے کے کھوئے ہوئے قد کو بتدریج دوبارہ حاصل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کمیٹی نے اندرون ملک فلائٹ آپریشنز کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہریوں کو درپیش جاری چیلنجز پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ یہ فرق مبینہ طور پر پاکستان کی آبادی کے ایک بڑے حصے تک رسائی کو متاثر کرتا ہے۔

کمیٹی نے مقامی فضائی روٹس کی بحالی اور توسیع کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کی حکومتی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ کمیٹی نے ایئرلائن کے ورثے اور قومی شناخت کے تحفظ کے لیے اپنا مضبوط موقف پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نجکاری کی صورت میں، ایئر لائن کے طیاروں کو پاکستانی پرچم اور پی آئی اے کے مشہور لوگو کی نمائش جاری رکھنی چاہیے جو قومی فخر اور تسلسل کی علامت ہے۔

مزید برآں کمیٹی نے زور دیا کہ ائیرلائن کے ملازمین کے ساتھ نجکاری کے پورے عمل کے دوران ان کے حقوق اور روزگار کا تحفظ کرتے ہوئے ان کے ساتھ شفقت اور انصاف کا برتائو کیا جائے۔ کمیٹی کو سیکرٹری دفاع کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی ملی کہ تمام سفارشات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ابرار احمد، صبا صادق، اسفن یار ایم بھنڈارا، رمیش لال، صادق افتخار، سنجے پروانی، گل اصغر خان، پلین بلوچ، محمد اسلم گھمن او ر غلام محمد نے شرکت کی۔ وزارت دفاع، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔