سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی جیسے ادارے قومی ترقی کے مشن کی تکمیل میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،گورنرسندھ

جامعہ کی علمی پختگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ۔آج تاریخ کا پہلا پی ایچ ڈی ڈگری ایوارڈ کررہی ہے ،کامران ٹیسوری کا چھٹے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 17 جولائی 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی جیسے ادارے قومی ترقی کے مشن کی تکمیل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اب علمی پختگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔جامعہ آج اپنی تاریخ کا پہلا پی ایچ ڈی ڈگری ایوارڈ کر رہی ہے۔

یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔پی ایچ ڈی صرف تحقیق کا نام نہیں، بلکہ یہ حدود کو چیلنج کرنے، گہرائی سے سوچنے اور دنیا میں کچھ نیا شامل کرنے کا عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام کے چھٹے کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن،فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات کے والدین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ آپ کی یونیورسٹی صرف تعداد میں نہیں بلکہ علم، سنجیدگی اور ساکھ میں بھی ترقی کر رہی ہے۔یہ ترقی صرف آپ کے لئے نہیں، بلکہ ان آنے والی نسلوں کے لئے بھی اہم ہے جو کل ان دروازوں سے اندر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف طلبہ و طالبات بلکہ ان کے والدین، اساتذہ اور پوری قوم کے لیے خوشی و افتخار کا دن ہے ۔

فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات نے اپنی محنت سے آج یہ مقام حاصل کیا۔ اساتذہ کرام کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے علم، محنت، اور خلوص سے ان نوجوانوں کی رہنمائی کی۔ والدین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ادارے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جس نے قائداعظم محمد علی جناح ؒ جیسے عظیم رہنما کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ہمارے قومی ورثے کا ایک روشن باب ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں تعلیم، تحقیق، اور جدید علوم کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے ہمیں آئیڈیل پاکستان دیا اور شاعر مشرق نے ا س کا تصور پیش کیا ۔ نوجوان ایک آئیڈیل پاکستان بنا سکتے ہیں اس کے لئے آپ کو اپنے اندر احساس پیدا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور اس پاکستان نے ہم کو سب کچھ دیا یہی ہماری پوری دنیا میں شناخت بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو اس کی معیشت اور اس کے استحکام کو ہم سب نے مل کر بڑھانا ہے ۔ میر ا تجربہ ہے کہ جیسا تم چاہو ، بن سکتے ہو ، نوجوان کبھی مایو س مت ہونا ۔