وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبوں کا اجلاس،سی پیک فیز ٹو میں پیش رفت، گوادر اور دیگر منصوبوں پر زور

جمعرات 17 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبوں کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت اور سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سی پیک کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کے تحت صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، اور ماحولیاتی تعاون جیسے نئے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ گوادر بندرگاہ کو علاقائی تجارت کا مرکز بنانے کی مکمل صلاحیت حاصل ہے، اور وہاں مقامی ماہی گیروں کے مفادات اور روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گوادر میں پانی اور بجلی سے متعلق منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں یہ ہدایت جاری کی گئی کہ سی پیک کے تحت زیر التواء تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ وزیر منصوبہ بندی نے واضح کیا کہ چینی سرمایہ کاری کو محفوظ، سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مزید مستحکم ہوں۔احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے اور سی پیک کا فروغ اس وژن کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔