وفاقی وزیر تجارت کا برمنگھم کا دورہ، کاروباری حلقوں کو پاکستان سے باسمتی چاول، آم، اور حلال سرٹیفائیڈ فوڈ مصنوعات کی درآمد پر غور کی ترغیب دی

جمعہ 18 جولائی 2025 12:51

وفاقی وزیر تجارت کا برمنگھم  کا دورہ،  کاروباری حلقوں کو پاکستان سے ..
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے برطانیہ کے سرکاری دورے کے سلسلے میں برمنگھم میں ایک مصروف دن گزارا، جس کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا اور برطانیہ میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ کرنا تھا۔جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر تجارت نے گریٹر برمنگھم چیمبر آف کامرس کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے برطانیہ کی صنعتی ضروریات کے مطابق اپنی برآمدات کو متنوع بنانے کی تیاری پر زور دیا۔

انہوں نے مڈلینڈز کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی حجم کو سراہتے ہوئے، پاکستان کی روایتی شعبوں سے ہٹ کر نئی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں جیسے پروسیسڈ فوڈز، فشریز، فارماسیوٹیکلز، لیدر گڈز، آئی ٹی سروسز، فرنیچر، سرامکس اور سپورٹس گڈزکو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے برمنگھم کے کاروباری حلقوں کو باسمتی چاول، آم، اور حلال سرٹیفائیڈ فوڈ مصنوعات جیسے اعلیٰ معیار کے پاکستانی اشیاء کی درآمد پر غور کرنے کی ترغیب دی۔

خاص طور پر انہوں نے پاکستان کو جدید مینوفیکچرنگ اور آٹوموٹو سپلائی چینز کے لیے ایک قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا، اور پاکستان کی لاگت موثر پیداوار، لائٹ انجینئرنگ، میٹل فیبریکیشن، اور عالمی آٹوموٹو برانڈز کو پرزہ جات فراہم کرنے کی مہارت کو اجاگر کیا۔وزیر تجارت نے پاکستان کی نیشنل الیکٹرک وہیکل (ای وی ) پالیسی اور قابلِ تجدید توانائی کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی، اور بیٹری ٹیکنالوجی و الیکٹرک ڈرائیو ٹرینز جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کیا جو برمنگھم کی گرین موبلٹی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہیں۔

وزیر نے برمنگھم سٹی فٹبال کلب کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرامز کا جائزہ لیا اور پاکستان کی فٹبال انڈسٹری کو عالمی سطح پر حاصل ہونے والی پذیرائی پر بات کی۔ اس موقع پر پاکستان کی اسپورٹس مصنوعات، خاص طور پر فٹبالز، کی عالمی شہرت کو اجاگر کیا گیا۔بعد ازاں، وزیر تجارت نے برطانیہ کی معروف فوڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی نووو کا دورہ کیاجہاں انہوں نے پاکستانی فوڈ مصنوعات کے بڑے ریٹیلرز اور درآمد کنندگان سے ملاقات کی۔

نوووبرطانیہ کے بڑے سپرمارکیٹس کو مصنوعات فراہم کرنے والی نمایاں کمپنی ہے، جو پاکستانی فوڈ برانڈز کو مین اسٹریم برطانوی مارکیٹ میں لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ملاقات میں حلال سرٹیفائیڈ اور ایتھنک پاکستانی فوڈ مصنوعات کے لئے تجارتی سپلائی چین کو مضبوط کرنے اور ان کی برطانوی مارکیٹ میں رسائی کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقاتیں پاکستان کی صنعتی شراکت داری، علاقائی ویلیو چینز اور اوورسیز پاکستانیوں کی قیادت میں تجارتی سفارت کاری کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں، اور پاکستان کو برطانیہ کے لئے ایک ویلیو ایڈیڈ تجارتی شراکت دار کے طور پر پیش کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔