غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پرقرارداد الحاق پاکستان ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے

قراردادِ الحاقِ پاکستان کو تاریخِ کشمیر میں وہی حیثیت حاصل ہے جو قراردادِ پاکستان کو تحریکِ پاکستان میں حاصل ہے،سردار عتیق احمد خان

جمعہ 18 جولائی 2025 14:15

ؔمظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی تاریخ کا وہ فیصلہ کن دن ہے جب اسلامیانِ کشمیر کی نمائندہ جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے کشمیریوں کے مستقبل کے لیے ایک واضح اور نظریاتی منزل کا تعین کیا۔

یہ صرف ایک سیاسی فیصلہ نہ تھا بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم تحریک کا فکری تسلسل تھا، جس کے نتیجے میں قائم ہونے والے ملک پاکستان سے وابستگی کا حتمی اعلان کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر، سری نگر میں، الحاقِ پاکستان کی تاریخی قرارداد منظور کی، جو کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور نظریاتی وابستگی کی عکاس تھی۔

(جاری ہے)

اس قرارداد کا مقصد پاکستان کی تکمیل اور اسلامیانِ کشمیر کے روشن اور محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھنا تھا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ قراردادِ الحاقِ پاکستان کو تاریخِ کشمیر میں وہی حیثیت حاصل ہے جو قراردادِ پاکستان کو تحریکِ پاکستان میں حاصل ہے۔ افسوس کہ ڈوگرہ حکمرانوں، کانگریسی قیادت اور انگریزوں کی ملی بھگت نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں، لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام نے اسی قرارداد کی روشنی میں 1947ء میں آزادی کی تحریک کا آغاز کیا، جو آج بھی مختلف شکلوں میں پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عظیم جدوجہد اور اس کے مقصد کی یاد دہانی کراتا ہے۔ہم آج اس دن عہد کرتے ہیں کہ تحریکِ آزادی کی کامیابی اور الحاقِ پاکستان کی تکمیل کے لیے ہماری جدوجہد اور قربانیوں کا سفر جاری رہے گا، اور اس راہ میں ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔