مقبوضہ جموں وکشمیر، کانگریس کا ریاستی درجے کی بحالی کیلئے مظاہروں ، دلی چلو مارچ کا اعلان

جمعہ 18 جولائی 2025 14:20

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے ریاستی درجے کے اپنے مطالبے پر زوردینے کیلئے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے جس میں ”دلی چلو مارچ اور”پارلیمنٹ کاعلامتی گھیرائو “ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیرشاخ کے صدر طارق حمیدقرہ نے جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی درجے کے مطالبے پر زور دینے کیلئے 19 جولائی کو وادی کشمیر جبکہ 20 جولائی کو جموں میں احتجا ج کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ 21جولائی کوجب بھارتی پارلیمنٹ کامانسون اجلاس شروع ہوگا،دلی کی طرف مارچ کیا جائے گا، مارچ میںہر ضلع اور بلاک سے کارکن شریک ہونگے ۔انہوں نے کہا دہلی میں کانگریس کے مرکزی رہنما بھی ہمارے مطالبے میں شریک ہونگے اوروہ ریاستی درجے کے معاملے کو اٹھائیں گے۔ طارق کرہ نے مزید کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج اور اسکا علامتی طور پر گھیراو ¿ کیا جائے۔