بلوچستان میں بڑھتی ہوئی غربت اور بیروزگاری، نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں ڈال رہی ہے،سید امان شاہ

جمعہ 18 جولائی 2025 16:08

کراچی/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینر سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان اس وقت شدید معاشی بحران اور بے روزگاری کی لپیٹ میں ہے۔ صوبے کی عوام بنیادی سہولیاتِ زندگی سے محروم اور نوجوان نسل مایوسی اور محرومی کا شکار ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف قدرتی وسائل کی فراوانی ہے، دوسری جانب عوام کی اکثریت خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

سید امان شاہ نے کہا کہ صوبے میں روزگار کے مواقع کی قلت، تعلیم و تربیت کے اداروں کا فقدان اور صنعتی ترقی کے نہ ہونے کے باعث لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نہ سرکاری نوکری مل رہی ہے نہ نجی شعبے میں کوئی بہتر موقع۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال نوجوانوں میں بے چینی، جرائم اور شدت پسندی کو جنم دے رہی ہے۔

دیہی علاقوں میں تو حالت اور بھی بدتر ہے جہاں نہ اسکول ہیں نہ اسپتال اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کی سہولت۔ روزگار کے ذرائع محدود ہونے کے باعث لوگ یا تو نقل مکانی پر مجبور ہیں یا کم اجرت پر سخت محنت کرتے ہیں۔عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینر سید امان شاہ نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچستان کے عوام کو ان کا جائز حق دینے میں ناکام رہی ہیں۔

وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم، ترقیاتی فنڈز کی بدعنوانی اور ناقص پالیسیوں نے صوبے کو معاشی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستا ن پارٹی مطالبہ کرتی ہیں کہ؛1) بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے فوری اور پائیدار مواقع فراہم کیے جائیں؛ 2) فنی تعلیم، ہنر مندی اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائی؛ 3) وفاقی ترقیاتی فنڈز کا کم از کم 10 فیصد حصہ بلوچستان کی معاشی بحالی پر خرچ کیا جائی؛ 4) مقامی افراد کو سی پیک، ریکوڈک اور گوادر کے ترقیاتی منصوبوں میں روزگار دیا جائے۔

عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینر سید امان شاہ نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو غربت اور بیروزگاری مزید شدت اختیار کرے گی اور اس کے منفی اثرات نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک پر مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کا اتنا ہی حق ہے جتنا ملک کے کسی اور حصے کو۔