او آئی سی سی آئی کا ملک میںموسمیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہار

جمعہ 18 جولائی 2025 16:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI)نے ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔او آئی سی سی آئی نے متاثرہ خاندانوں اور کمیونیٹیزکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ او آئی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس طرح کی آفات ایک پریشان کن اور خطرناک حد تک معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔

پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے حالانکہ موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کردارنہ ہونے کے برابر ہے۔ موسمیاتی تباہ کاریوںکی وجہ سے نہ صرف انسا نی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے بلکہ اس کااقتصادی نقصان بھی ہورہا ہے جبکہ محدود ملکی معیشت کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کاسامناہے۔

(جاری ہے)

2025کے آغاز میں او آئی سی سی آئی کے زیرِ اہتمام تیسری پاکستان کلائمٹ کانفرنس میں بھی اور عالمی بینک نے بھی اپنی رپورٹ میں اس بات پر زوردیاہے کہ پاکستان کو 2030تک موسمیاتی چیلنجز سے موئثر طورپر نمنٹنے کیلئے 348ارب ڈالر کی ماحولیاتی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور اس ٹارگٹ کوکسی ایک ملک کیلئے اکیلے پورا کرنا بہت مشکل ہے ۔

اس کیلئے ایک مربوط اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ او آئی سی سی آئی نے حکومتِ پاکستان ، بین لااقوامی شراکت داروں اورعالمی ماحولیاتی اداروں پر زوردیا ہے کہ بڑھتے ہوئے اس خطرے سے نمنٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں کیونکہ موسمیاتی تبدیلی اور اس کا ردِّعمل کسی سرحد تک محدود نہیں ہے۔ پاکستان اکیلا یہ بوجھ نہیں اٹھاسکتا۔ او آئی سی سی آئی نے کہاہے کہ ایک فعال، مربوط اور بہتر طریقے سے وسائل کے حامل نقطہ نظر کی ضرورت ہے جو پالیسی اصلاحات، انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ اور کمیونٹی ریزیلنس کو یکجا کرے۔

اس اجتماعی کاوش کا مقصد نہ صرف فوری طورپر آفات سے نمٹنا بلکہ ایک ایسا طویل المدّت نظام قائم کرنا جو مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کی پیش گوئی ، روک تھام کے ذریعے اس کا مقابلہ کرسکے۔ او آئی سی سی آئی نے شہری اور دیہی علاقوں میں ماحولیاتی پائیداری ،کلائمٹ سمارٹ انفرااسٹرکچراور موافقت کو فروغ دینے کے اقداما ت کیلئے اپنی موئثر سپورٹ کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ او آئی سی سی آئی نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔