سردار رمیش سنگھ اورفراحمد تارڑ کی اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات، اقلیتی حقوق کے فروغ پر مشترکہ اقدامات پر اتفاق

جمعہ 18 جولائی 2025 18:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)پنجاب حکومت کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب کے سیکرٹری فرید احمد تارڑ نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں وفاقی و صوبائی سطح پر انسانی حقوق کے اداروں کے مابین روابط کو مزید مؤثر بنانے، قانونی معاونت، پالیسیوں کے مؤثر نفاذ اور اقلیتی برادریوں کی جامع ترقی جیسے نکات شامل تھے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ اقلیتیں پاکستان کے مساوی شہری ہیں جن کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں شمولیت کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ملاقات میں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اقلیتی حقوق کے تحفظ، باہمی ہم آہنگی، اور ایک پرامن، مساوی اور شمولیتی معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی-