وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مالی سال 25-2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالرز تک پہنچنے پر اظہار تشکر

جمعہ 18 جولائی 2025 19:13

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مالی سال 25-2024  میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 25-2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالرز تک پہنچنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس گزشتہ 22 سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچنا انتہائی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے زر مبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئے ہیں ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں استحکام کی بنیادی وجہ ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دن بدن بہتر ہوتے مالیاتی و معاشی اشاریے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہو چکی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول مزید بہتر کرنے کے حوالے سے ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے ، حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہے ۔