بھارتی فوج کے کرنل نے فوج میں چھپے جنسی درندوں کا پردہ فاش کر دی

جمعہ 18 جولائی 2025 21:16

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) مودی کے دور اقتدار میں بھارتی فوج میں خواتین کے خلاف سنگین جنسی جرائم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ بھارتی فوج کے کرنل امیت کمار نے اعلی افسران کی جانب سے بیوی کے ریپ کا گھناؤنا راز فاش کر دیا۔ کرنل امیت کمار کا کہنا ہے کہ فوجی افسران اپنی کمزوریوں کو آرڈرز اور ڈیوٹی کے نام پر چھپاتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کر کے خواتین کی عزت پامال کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنی بیوی کو فیملی وارڈ سے واپس لانے کی کوشش کی تو اس دوران اس کی عصمت دری ہوئی۔کرنل امیت کے مطابق اڈیشہ کے اس خوفناک واقعے کی تحقیقات پولیس نے کی، لیکن ان کی بیوی کے ساتھ زیادتی جنرلز اور بریگیڈیئرز نے کی۔

(جاری ہے)

ان کے پاس اس جرم کی ویڈیوز موجود ہیں مگر اس کے باوجود کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ایف آئی آر نمبر 33/2024 میں تین بریگیڈیئرز اور ایک لیفٹیننٹ کرنل کو نامزد کیا گیا تھا، لیکن سب کو کلین چٹ دے دی گئی۔

کرنل امیت کمار نے مزید انکشاف کیا کہ کیس کی تحقیقات انہی افراد نے کی جو خود اس جرم میں ملوث تھے، اور آرمی چیف کی مکمل خاموشی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارتی جنرلز قانون سے بالاتر ہیں اور کس نے انہیں خواتین کی عزت سے کھیلنے کا اختیار دیا کرنل امیت نے بتایا کہ ان کی بیوی کی کردار کشی کے لیے جھوٹے پیغامات کے ذریعے عوام اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، اور قومی خواتین کمیشن کی شکایت پر متعلقہ پولیس افسر کو پانچ دن میں نئی پوسٹنگ پر بھیج دیا گیا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بھارتی فوج کی ویسٹرن کمانڈ کو بے نقاب کر کے رہیں گے اور اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔مودی حکومت کی نااہلی اور فوجی درندوں کو تحفظ دینے کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارتی فوج میں انسانی حقوق کی پامالی اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جو ایک انتہائی تشویشناک مسئلہ بن چکا ہے۔