وزیرِاعظم کی زیرصدارت پاکستان کے شپنگ سیکٹراورنیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات پراجلاس

جمعہ 18 جولائی 2025 21:33

وزیرِاعظم کی زیرصدارت پاکستان کے شپنگ سیکٹراورنیشنل شپنگ کارپوریشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کے شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کی اصلاحات پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے شپنگ شعبے کی بہتری اور ترقی کے لیے اہم اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس میں ہدایت دی کہ پاکستان کے شپنگ سیکٹر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جائے تاکہ ملک کی بحری تجارت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے نیشنل شپنگ کارپوریشن کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اس کے آپریشنز میں مزید ترقی اور شفافیت آ سکے۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر پاکستان افغانستان ازبکستان ریلوے لائن کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں تجارت کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے، اور وسطی ایشیائ سے تجارتی سامان کی پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی سطح پر ترسیل ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے ریلوے اور شپنگ کے شعبے کی بہتری کلیدی اہمیت رکھتی ہے اور اس سے پاکستان کی شپنگ لائنز کے لیے سامان کی ترسیل کا ایک نادر موقع پیدا ہوگا، جس سے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے وزارت سمندری امور اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو شعبے کی از سر نو اصلاحات اور ایک پائیدار بزنس ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی، تاکہ پاکستان کی شپنگ صنعت عالمی سطح پر مزید مسابقتی بن سکے۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائ احد خان چیمہ، جنید انور چوہدری اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔