’جنرل عاصم میں عاجزی، عزم اور عقل تینوں کا اشتراک نظر آتا ہے‘

بشریٰ بی بی ’ع‘ کی بڑی فین تھیں مگر وہ بھول گئیں کہ اسی عین کا عاصم اصل محافظ تھا، بشریٰ بی بی کے عین کو مات کا سامنا ہے اور فیلڈ مارشل کے عین کو عروج ہے کہ ان کی گڈی چڑھی ہوئی ہے؛ سہیل وڑائچ کا سربراہ پاک فوج سے متعلق نیا کالم

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 ستمبر 2025 12:07

’جنرل عاصم میں عاجزی، عزم اور عقل تینوں کا اشتراک نظر آتا ہے‘
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2025ء ) صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کے عین کو عروج ہے کہ ان کی گڈی چڑھی ہوئی ہے۔ روزنامہ جنگ کیلئے اپنے کالم میں انہوں نے لکھا کہ فیلڈ مارشل کے نام کا عین اور عاصم بمعنی محافظ بھی قابل غور ہے علم الاعداد میں عین کو 6 نمبر دیئے جاتے ہیں، جنرل عاصم تین متضاد خوبیوں سے اس میں کامیاب جارہے ہیں، ان میں عجزبھی ہے اور عزم بھی ہے، وہ ملنے میں عاجز ہیں مگر جب کسی بات کا عزم کرلیتے ہیں تو پھر اس بات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹتے، عام طور پر عاجز اشخاص باعزم نہیں ہوتے اور باعزم عاجز نہیں ہوتے لیکن فیلڈ مارشل میں یہ عزم اور عاجزی دونوں موجود ہیں۔

سہیل وڑائچ لکھتے ہیں کہ تیسرا عین جو جنرل میں موجود ہے وہ عقل ہے، بیک وقت باعزم اور عقل مند ہونا بھی کم ہی دیکھنے میں آتا ہے مگر جنرل عاصم میں عاجزی، عزم اور عقل تینوں کا اشتراک نظر آتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ بشریٰ بی بی عین کی بڑی فین تھیں اوروہ عمران، عثمان بزدار، صدر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کےعین کو اپنی حکومت کا محافظ سمجھتی تھیں مگر وہ بھول گئیں کہ اسی عین کا عاصم اصل محافظ تھا کیوں کہ اس کے نام کا لفظی مطلب ہی محافظ ہے، بشریٰ بی بی کے عین کو پاکستانی بساط پر مات کا سامنا ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے عین کو عروج ہے کہ ان کی گڈی چڑھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ بھارت سے عملی جنگ ہو یا معاشی کامیابی کیلئے مسلسل جدوجہد فوج اور سول دونوں نے سرتوڑ محنت اور مسلسل تعاون سے کامیابیاں حاصل کی ہیں، شہباز شریف سپیس نہ ہونے کے باوجود اپنی سپیس بنا لینے کے فن سے بخوبی آشنا ہیں، بظاہر وہ نظام کے اندر دبے ہوئے نظر آتے تھے مگر مسلسل سفارتکاری اور شبانہ روز محنت سے آبرو کی تمنا کو حاصل کرتے نظر آرہے ہیں، گردن اور سر نیچے کر کے جس طرح انہوں نے کام کیا ہے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ ان کے سر پر ایک تاج کی شکل میں نمایاں ہو گیا ہے۔