کراچی میں پولیس کی وردی میں وارداتیں کرنے والا ایرانی گینگ گرفتار

جمعہ 18 جولائی 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء)کراچی میں پولیس کی وردی میں وارداتیں کرنے والا ایرانی گینگ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کے مطابق گرفتار ملزمان ایرانی باشندے ہیں اور وہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے تھے، گینگ کا ایک ساتھی مفرور ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ارسلان پاکستانی، علی جاوید اور حسین ایرانی ہیں، جبکہ ایک مفرور ملزم حسن بھی ایرانی باشندہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ایسٹ کا بتانا ہے کہ ملزمان نے مارچ میں راشد منہاس روڈ پر شہری سے 90 ہزار لوٹے، جبکہ ملزمان نے کلفٹن میں پولیس وردی میں 3 غیر ملکیوں کو بھی لوٹا، فرخ لنجار کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کرنے کے بعد ایران فرار ہو جاتے تھے۔دوسری جانب کراچی میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مشترکہ آپریشن انٹیلیجنس اطلاعات پر ملیر چوکنڈی، مروڑا گوٹھ اور پیپری سندھی گوٹھ میں کیا گیا اور 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ہیروئن، آئس اور حشیش سمیت 2 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔