بلاول بھٹو زرداری کا شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت

جمعہ 18 جولائی 2025 23:31

کراچی / اسلام آباد / لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جرات اور جمہوریت کے لیے غیرمتزلزل ثابتقدمی کی علامت قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوًس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو کو جلاوطنی کے دوران شہید کردیا گیا تھا، لیکن اپنی مختصر زندگی میں انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں کو جدوجہد اور قربانی کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک انقلابی والد قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بہادر بیٹے تھے اور انہوں نے اپنے والد کے مشن کو دلیری اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی وقت سے پہلے شہادت صرف ہمارے خاندان کا ذاتی نقصان نہیں تھی بلکہ یہ ہمارے ملک کی جمہوری جدوجہد کے دل پر ایک گہرا زخم تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان کے عوام اور ایک منصفانہ، جمہوری اور برابری پر مبنی معاشرے کے خواب کی تکمیل کے لیے قربانیاں دیں۔

ہمارے شہیدوں کا لہو اس ملک میں جمہوریت کی جڑوں کو سیراب کرتا رہا ہے۔ ہم اٴْن کی قربانیوں سے طاقت حاصل کرتے ہیں اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہید شاہنواز بھٹو جیسے رہنماؤں کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ثابت قدم رہیں۔اپنے بیان میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیر حسین بخاری نے شاہنواز بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو نے آئین شکنی کے خلاف مزاحمت کی۔

انہوںنے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ۔انہوںنے جمہوریت کی خاطر سر پر لاٹھیاں کھانے والی مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے جرات مند فرزند کو خراج عقیدت پیش کیا انہوںنے کہاکہ شاہنواز بھٹو شہید نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی عوامی جمہوری فکر اور فلسفے کی ترویج کیلئے جدوجہد کی ۔

نیئر بخاری نے کہاکہ آئین کی بالادستی، بااختیار پارلیمنٹ عوام کے حق ملکیت اور حق حاکمیت کے لئے جدوجہد جاری رہے گی ۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے شہید شاہنواز بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہاکہ ہم شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت کے دن پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو جمہوری جدوجہد کی روشن علامت ہیں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو نے جلاوطنی میں بھی قربانی اور استقامت کی مثال قائم کی۔ انہوںنے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو نے اپنی مختصر زندگی میں نوجوانوں کو حوصلہ اور جدوجہد کا راستہ دکھایا۔ انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام کے بہادر بیٹے نے اپنے والد کے خواب کو حقیقت بنانے کی جدوجہد کی، شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت جمہوریت کے سفر پر ایک گہرا زخم تھی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ بھٹو خاندان کی قربانیاں انصاف اور برابری پر مبنی پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہیدوں کے لہو نے پاکستان میں جمہوریت کی زمین کو زندہ رکھا۔ اپنے بیان میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے شہید شاہنواز بھٹو کی 40 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو بہادر اور عظیم قائد کے بہادر بیٹے تھے۔

انہوںنے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو نے اپنے والد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح جمہوریت کی خاطر آواز بلند کی، شہید شاہنواز بھٹو نے کم عمر میں آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ آمریت کے ظلم و جبر کے باوجود شہید شاہنواز بھٹو ثابت قدم رہے، کم عمر میں بہادری کا ثبوت دے کر شہید شاہنواز بھٹو نے آنے والی کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نوجوانی میں آپکی شہادت ایک بہت بڑا سانحہ تھا، بھٹو خاندان نے ملک کی خاطر مسلسل قربانیاں دیں ہیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے شہید شاہ نواز بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے بہادر بیٹے شہید شاہنواز بھٹو کو انکی 40 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں، شہید شاہنواز بھٹو نے پاکستان کی جمہوریت اور حقوق کی خاطر آواز بلند کی، جلاوطنی کے دوران شہید شاہنواز بھٹو ثابت قدم رہے۔

انہوںنے کہاکہ آمریت کے سیاہ ترین دنوں میں ظلم و جبر کے باوجود شہید شاہنواز بھٹو نے صبر اور حوصلہ دکھایا۔ انہوںنے کہاکہ کم عمر میں ظلم کے خلاف آواز بلند کر کے شہید شاہنواز بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے نوجوان کو متاثر کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قید کے دوران شہید شاہنواز بھٹو نے بہادری اور ہمت سے کام لیا، کم عمر میں شہید شاہ نواز بھٹو کی شہادت ایک گہرا صدمہ تھا۔

روبینہ خالد نے کہاکہ پاکستان کی خاطر بھٹو خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان نے شہید شاہنواز بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید شاہنواز بھٹو اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بیگم نصرت بھٹو کی طرح نڈر تھے، شہید شاہنواز بھٹو نے پاکستان کی جمہوریت کے لئے آواز بلند کی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی عوام کے حقوق کی خاطر آمریت سے لڑتے رہے، جلاوطنی کے دوران شہید شاہنواز بھٹو نے بہادری اور ہمت دکھائی، آمریت کے سیاہ ترین دنوں میں ظلم و جبر کے باوجود شہید شاہنواز بھٹو نے حوصلے سے کام لیا۔ انہوںنے کہاکہ کم عمر میں ظلم کے خلاف آواز بلند کر کے شہید شاہنواز بھٹو نے دنیا بھر کے نوجوان کو متاثر کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد بھی شہید شاہنواز بھٹو نے بہادری اور ہمت دکھائی۔