محمد علی درانی کی روس کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈینس نیوزروسے ملاقات ،پاکستان اور روس کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 18 جولائی 2025 23:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے پاکستان میں روس کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈینس نیوزروسے ملاقات کی جس میں محمد علی درانی نے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن کے لیے پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔محمد علی درانی نے ڈینس نیوزرو کو پاکستان میں روس کے تجارتی ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر ہونے پر مبارک دی ۔

ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔محمد علی درانی نے پاکستان سٹیل مل کے منصوبے میں روس کی طرف سے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، زرعی اور معاشی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

(جاری ہے)

محمد علی درانی نے کہاکہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کا فروغ خطے اور دنیا میں امن، توازن اور معاشی ترقی کے نئے امکانات کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔

انہوںنے کہاکہ زراعت کے شعبے میں پاکستان روس کی مشینری اور جدت سے فوائد حاصل کر سکتا ہے، پاکستان میں روس کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈینس نیوزرو نے محمد علی درانی کے دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ کی سوچ کو سراہا۔ڈینس نیوزرونے کہاکہ روس پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کا خواہاں ہے ۔روس کے وزیراعظم میخائل میشستین نے 11 جولائی کو ڈینس نیوزرو کو پاکستان میں روسی فیڈریشن کے تجارتی ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر کیا تھا۔