پاکستان سیاحت اور سرمایہ کاری کیلئے خوبصورت اور بہترین ملک ہے‘طاہر محمود اشرفی

برادر اسلامی ممالک اور عرب دنیا کے دوستوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں سیاحت کیلئے اور سرمایہ کاری کیلئے آئیں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم فورم کے زیر اہتمام عالمی نمائش کے اختتام پر گفتگو

جمعہ 18 جولائی 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)پاکستان سیاحت اور سرمایہ کاری کیلئے خوبصورت اور بہترین ملک ہے ، برادر اسلامی ممالک اور عرب دنیا کے دوستوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں سیاحت کیلئے اور سرمایہ کاری کیلئے آئیں۔ پاکستان کئی مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے اور پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدسات ہیں ۔

پاکستان کی حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کیلئے آنے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔ انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم فورم اور انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم کونسل باہمی تعاون سے پاکستان اور بیرون پاکستان مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کو بڑھائے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم فورم کے زیر اہتمام عالمی نمائش کے اختتام کے موقع پر آئے ہوئے مہمانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

24 ویں انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم و عمرہ نمائش میں 33 سے زائد سیاحت سے منسلک عالمی اداروں سے شرکت کی۔ اس موقع پر امین اللہ طاہر ، عبد الکریم الحسنی ، مرزا احسان علی ، چوہدری امتیاز ، خالد عمر ، غلام ربانی ،ندیم ذکا اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ارض حرمین شریفین مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا مرکز ہے ۔

پاکستان سے لاکھوں حج اور عمرہ زائرین ہر سال سعودی عرب جاتے ہیں ، سب پر لازم ہے کہ سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں اور جو نئی اصلاحات سعودی عرب میں لائی جا رہی ہیں ان پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور حج و عمرہ ٹورز آپریٹرز کی کوشش ہے کہ وہ ویژن 2030 کیمطابق پاکستان سے سعودی عرب جانے والوں کی رہنمائی کر سکیںاور اس پر مکمل عمل کریں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول ہے اور حکومت نے ایس آئی ایف سی کا ادارہ قائم کر کے سرمایہ کاروں اور سیاحت کے میدان میں آنے والوں کیلئے ہر ممکن سہولت کا بندوبست کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم فورم کے زیر اہتمام ہونے والی نمائش پاکستان اور پاکستان سے باہر مذہبی سیاحت کو فروغ دینے والوں کیلئے بہترین کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم کونسل ایک جامع پلان ترتیب دے رہی ہے اور ان شا اللہ حج و عمرہ اور زیارات کیلئے انٹرنیشنل ریلیجئس ٹورازم کونسل اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔