پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی

جمعہ 18 جولائی 2025 20:10

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ پی سی بی کے مطابق قومی اسکواڈ نے ایک روز آرام کے بعد بھرپور وارم اپ سیشن میں حصہ لیا۔ سیشن کے دوران کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ کی مختلف ڈرلز کیں جو کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔

(جاری ہے)

بیٹنگ کوچ نے بیٹرز کو مقامی کنڈیشنز کے مطابق نیٹس میں مخصوص پریکٹس کروائی جبکہ باؤلرز نے مکمل ردھم کے ساتھ نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔ کوچز نے انفرادی کھلاڑیوں پر توجہ دیتے ہوئے تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 20 جولائی کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم مینجمنٹ پرامید ہے کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔