مخدوش عمارتوں کے گرنے کے پے درپے واقعات حکومتی لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، احمد ندیم اعوان

جمعہ 18 جولائی 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے لیاری میں ایک اور مخدوش عمارت گرنے سے دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ اس حادثے میں جاں بحق خواتین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتی ہے اور دعا کرتے ہیں اللہ مرحومین کی مغفرت فرمائے انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں اور سندھ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں ہر ممکن مدد کی جائے۔

انہوں نے کہا چند دن قبل بھی اس طرح کے سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد سندھ حکومت میڈیا میں بلند و بانگ دعوے کرتی نظر آ رہی تھی مگر افسوس وہ دعوے عوام کو بے وقوف بنانے اور جھوٹی تسلیوں کے سوا کچھ نہیں تھے۔

(جاری ہے)

کراچی صدر نے مطالبہ کیا سندھ حکومت اگر واقعی عوام کی زندگی کو محفوظ اور ان سانحات سے بچانا چاہتی ہے تو زبانی دعوں کے بجائے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرے اور عملی طور پر سخت اقدامات کرے۔

احمد ندیم اعوان نے کہا سندھ حکومت مخدوش ڈیکلیئر کی گئی عمارتوں کو فورا خالی کروائے اور لوگوں کو رہائش کیلئے متبادل اور محفوظ رہائش کا بندوبست کرکے دے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت متبادل رہائش کا بندوبست کرنے میں ناکام ہو چکی اسلئے ان مخدوش عمارتوں میں رہنا لوگوں کی مجبوری ہے اور وہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر ان خستہ حال عمارتوں میں چار دیواری کے تقدس کو پامال ہونے سے بچانے کیلیے ان مخدوش عمارتوں میں رہنے پر لاچار و مجبور ہیں۔

کراچی صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا حکومت تمام مخدوش عمارتوں کو خالی کرواکر لوگوں کو متبادل رہائش دے اور بے گھر افراد کو معاوضہ بھی فراہم کیا جائے۔ تاکہ آئندہ کسی ایسے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان سے بچا جاسکے۔ احمد ندیم اعوان نے کہا عوام کی سیفٹی اور انکی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے مرکزی مسلم لیگ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے سندھ حکومت کی کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔